Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کوئی شمع اور کوئی پروانہ ہوگا

خوشی محمد ناظر

کوئی شمع اور کوئی پروانہ ہوگا

جہاں میں عشق کا افسانہ ہوگا

جنون عشق سے ہے لطف ہستی

وہ دیوانہ ہے جو فرازانہ ہوگا

ترے مستوں کا اے کوثر کے ساقی

وہی پیماں وہی پیمانہ ہوگا

خرابات جہاں وقف فنا ہے

مگر باقی ترا مے خانہ ہوگا

رواں ہیں کارواں جس کی طرف سب

یہی وہ کوچۂ جانانہ ہوگا

وہ دل ہی کیا کہ رقص موج جس کا

حریف جنبش دریا نہ ہوگا

وبال دوش ہے وہ سر کہ جس میں

کسی کے عشق کا سودا نہ ہوگا

جسے شہد و شکر کی آرزو ہے

لب نوشیں کا وہ رسیا نہ ہوگا

محبت کے ہیں رنگا رنگ نیرنگ

کہیں افسوں کہیں افسانہ ہوگا

پرستاری ہے طینت میں بشر کی

جہاں کعبہ نہیں بت خانہ ہوگا

پیامی سے کسی نے کہہ دیا ہے

کہ ناظرؔ سے کوئی پروانہ ہوگا