Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کون دنیا سے بادہ خوار اٹھا

شیخ علی بخش بیمار

کون دنیا سے بادہ خوار اٹھا

چشم تر ابر نو بہار اٹھا

کھا کے غش گر پڑے کھڑے بیٹھے

بیٹھ کر اس ادا سے یار اٹھا

آتش عشق دیکھ کر مالک

الاماں الاماں پکار اٹھا

درد تعظیم مرگ کو دل میں

شب فرقت ہزار بار اٹھا

جیتے جی دور آسمانی میں

نہ زمیں سے یہ خاکسار اٹھا

ابر رحمت نے دے دیا چھینٹا

بعد مرنے کے جب غبار اٹھا

وحشت دل نے پھر نکالے پاؤں

پھر تحمل کا اختیار اٹھا

پھر جنوں فصل گل میں لایا رنگ

پھر میں ہونے کو شرمسار اٹھا

حال بیمارؔ جائے رقت ہے

مرہم دل کا اعتبار اٹھا

چور زخم جگر میں بیٹھ گیا

چارہ گر ہو کے شرمسار اٹھا