Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کوئی نادان نہ دانا اچھا

عاشق حسین بزم آفندی

کوئی نادان نہ دانا اچھا

آپ اچھے تو زمانا اچھا

نہ ہوا دل کا لگانا اچھا

غلطی کی نہیں جانا اچھا

ایسے بگڑوں کا بنانا اچھا

وہ جو روٹھیں تو منانا اچھا

آئے ہیں غیر کو لے کر ہمراہ

ایسے آنے سے نہ آنا اچھا

ساتھ ہے زیر زمیں تاروں کے

یہ ملا اس کو خزانہ اچھا

یہ مقابل ہے وہ سر چڑھتا ہے

آئنے سے تو ہے شانا اچھا

مجھ سے ملنے میں بہانے نہ کرو

خون اس سے تو بہانا اچھا

اے حنا جاتے ہیں وہ غیر کے گھر

رنگ ایسے میں جمانا اچھا

لوٹ ہوں خال رخ یار پہ میں

ہو جو قسمت میں یہ دانا اچھا

بادشہ سے بھی نہیں دبتے تھے

تھا لڑکپن کا زمانا اچھا

درد ہو جس میں حکایت ہے وہ خوب

جو ہو رنگیں وہ فسانا اچھا

طور پر کام تھا کیا جلوے کا

دل میں آنکھوں میں سمانا اچھا

یہی اے بزمؔ رہے دل میں خیال

ہم برے سب سے زمانا اچھا