Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کچھ بدگمانیاں ہیں کچھ بد زبانیاں ہیں

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

کچھ بدگمانیاں ہیں کچھ بد زبانیاں ہیں

مدت سے ان کی ہم پر یہ مہربانیاں ہیں

آتا ہے جب کسی پر رکتا نہیں ہے ہرگز

مانند موج دریا دل کی روانیاں ہیں

پیدا کہاں ہیں ہوتے اب ذوقؔ اور غالبؔ

ہاں داغؔ اور حالیؔ ان کی نشانیاں ہیں

جو پاس تھا وہ کھویا نام سلف ڈبویا

کیا خاک اپنی اے دل اب زندگانیاں ہیں

اے دل نہ چھیڑ قصہ ہو درد جس سے پیدا

یہ شعر خوانیاں ہے یا نوحہ خوانیاں ہیں

کیا ہم نے یہ نکالی طرز غزل نرالی

کچھ گلفشانیاں ہیں کچھ خوں فشانیاں ہیں

باد خزاں نے گلشن ویراں کیا ہے سارا

بلبل کی اب کہاں وہ رنگیں بیانیاں ہیں

جور و جفا کے ایسے ہم ہو گئے ہیں خوگر

نا‌ مہربانیاں بھی اب مہربانیاں ہیں

اے مشرقیؔ جہاں میں دیکھا یہی تماشا

کچھ ماتم‌ و الم ہے کچھ شادمانیاں ہیں