Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کون کہتا ہے نسیم سحری آتی ہے

بشیر الدین احمد دہلوی

کون کہتا ہے نسیم سحری آتی ہے

نکہت گل میں بسی ایک پری آتی ہے

شوق سے ظلم کرو شوق سے دو تم آزار

یہ سمجھ لو مجھے بھی نوحہ گری آتی ہے

کوئی کہتا ہے کہ آتا ہے دکھانا دل کا

کوئی کہتا ہے تمہیں چارہ گری آتی ہے

درد الفت کو بڑھا کر وہ گھٹا دیتے ہیں

چاک دل کیوں نہ کریں بخیہ گری آتی ہے

جھوٹ سے مجھ کو نہ مطلب نہ بناوٹ سے کام

بات جو آتی ہے منہ پر وہ کھری آتی ہے

زور سے سانس جو لیتا ہوں تو اکثر شب غم

دل کی آواز عجب درد بھری آتی ہے

دست وحشت کا مرے شغل وہ کیا پوچھتے ہیں

کچھ نہیں آتا فقط جامہ دری آتی ہے

کام کرنے کے سلیقے سے ہم آگاہ نہیں

اور کیا آتا ہے بس بے ہنری آتی ہے

دل پژمردہ کھلا جاتا ہے کیوں آج بشیرؔ

آ گئی ہے کوئی یا خوش خبری آتی ہے