Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تری طہارت کو شیخ کہہ تو کہاں سے لائیں اک آب جو ہم

Joshish Azimabadi (d. 1830)

تری طہارت کو شیخ کہہ تو کہاں سے لائیں اک آب جو ہم

طواف دل کا ہے قصد ہم کو کریں ہیں آنسو سے نت وضو ہم

بتنگ آئے ہیں زندگی سے رہیں گے خوف فنا میں کب تک

جو ہونی ہو سو شتاب ہووے کھڑے ہیں قاتل کے رو بہ رو ہم

رکھے تو جب تک جہاں میں یارب ترے کرم سے امید یہ ہے

رہے نہ مطلق تلاش دولت کریں نہ دنیا کی جستجو ہم

خزاں نے سب کی بہار کھو دی رہا نہ سنبل بچی نہ ریحاں

گلوں کو دیکھا ہوئے پریشاں چمن سے نکلے برنگ بو ہم

غم و الم نے تو کر رکھا ہے ہمارے چہرے کو زرد ؔجوشش

لہو کے آنسو اگر نہ روئیں نہ ہوں محبت میں سرخ رو ہم