Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کچھ غرض وجہ مدعا باعث

منشی دیبی پرشاد سحر بدایونی

کچھ غرض وجہ مدعا باعث

کیوں خفا ہو گئے ہو کیا باعث

مجھ سے روٹھے ہو کیوں بلا باعث

کیا خطا کیا قصور کیا باعث

اب کھلا یہ کہ جان جانے کا

تھا سبب دل ہی دل ہی تھا باعث

میں نے چھیڑا تھا کیوں بگڑتے نہ وہ

خفگی کی ہوئی خطا باعث

میں انہیں چاہوں وہ یہ خود چاہیں

کوئی ایسا ہو یا خدا باعث

نہیں ملتے نہ ملئے بسم اللہ

پر بتا دیجئے ذرا باعث

آج کیوں وہ بگڑ گئے ہم سے

یا الٰہی نہ کچھ کھلا باعث

مر گئے دیکھ ہم ترا انداز

ہے فضا کی تری ادا باعث

جب کہا میں نے آئیے مرے پاس

دو گھڑی کے لیے کہا باعث

تم حسیں ہو تو چاہتے ہیں تمہیں

یہی باعث ہے اور کیا باعث

کر لیا کیسا آپ کو تسخیر

سحرؔ ہوں ورنہ اور کیا باعث