Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کچھ صلہ ہی نہ ملا عشق میں جل جانے کا

باسط بھوپالی

کچھ صلہ ہی نہ ملا عشق میں جل جانے کا

شمع نے لوٹ لیا سوز بھی پروانے کا

ضبط فریاد کی بے سود توقع دل سے

ظرف کیوں دیکھیے ٹوٹے ہوئے پیمانے کا

میرا مٹنا نہیں آسان محبت کی قسم

موت ہے نام ترے دل سے اتر جانے کا

حشر تک روئے گی دنیائے محبت مجھ کو

سلسلہ ختم نہ ہوگا مرے افسانے کا

موت کی نیند سے انساں کو جگا دیتی ہے

جس حقیقت میں ذرا رنگ ہو افسانے کا

اس طرح مجھ سے مخاطب ہے زمانہ جیسے

ہوش کی فکر بھی اک فرض ہو دیوانے کا

ان کے انداز ستم کا ہے تقاضا باسطؔ

عہد کر لیجئے مر مر کے جئے جانے کا