Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کہتے ہیں جس کو حور وہ انساں تمہیں تو ہو

Dagh Dehlvi (1831–1905)

کہتے ہیں جس کو حور وہ انساں تمہیں تو ہو

جاتی ہے جس پہ جان مری جاں تمہیں تو ہو

مطلب کی کہہ رہے ہیں وہ دانا ہمیں تو ہیں

مطلب کی پوچھتے ہو وہ ناداں تمہیں تو ہو

آتا ہے بعد ظلم تمہیں کو تو رحم بھی

اپنے کیے سے دل میں پشیماں تمہیں تو ہو

پچھتاؤ گے بہت مرے دل کو اجاڑ کر

اس گھر میں اور کون ہے مہماں تمہیں تو ہو

اک روز رنگ لائیں گی یہ مہربانیاں

ہم جانتے تھے جان کے خواہاں تمہیں تو ہو

دل دار و دل فریب دل آزار و دل ستاں

لاکھوں میں ہم کہیں گے کہ ہاں ہاں تمہیں تو ہو

کرتے ہو داغؔ دور سے بت خانے کو سلام

اپنی طرح کے ایک مسلماں تمہیں تو ہو