Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کہنے سننے سے مری ان کی عداوت ہو گئی

امیر اللہ تسلیم

کہنے سننے سے مری ان کی عداوت ہو گئی

جو نہ ہونی تھی وہ غیروں کی بدولت ہو گئی

روز آتی ہے مگر اک روز بھی آتی نہیں

اے اجل تو بھی مرے حق میں قیامت ہو گئی

میرے ان کے اب کہاں پہلا تپاک عاشقی

چلتے پھرتے مل گئے صاحب سلامت ہو گئی

سمجھے تھے دشت جنوں میں کچھ بہل جائے گا دل

دیکھ کر سنسان جنگل دونی وحشت ہو گئی

شکل دکھلاتی نہیں شیشہ سے آ کے جام میں

دختر رز تو تو ابھی سے بے مروت ہو گئی

مرگ عاشق کا عبث ہے سوگ ہر دم اس قدر

چھٹ گیا وہ قید غم سے تم کو فرصت ہو گئی

فصل گل آئی بڑھے جوش جنوں کے ولولے

پھر وحی تسلیمؔ اپنی غیر حالت ہو گئی