Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کہیں جو دل نہ لگاویں تو پھر اداس پھریں

Mir Hasan (1727–1786)

کہیں جو دل نہ لگاویں تو پھر اداس پھریں

وگر لگاویں تو مشکل کہ بے حواس پھریں

ہمیں بھی ہووے اجازت کہ شمع رو تجھ پر

پتنگ کی نمط اک دم تو آس پاس پھریں

تری گلی میں بھلا اتنی تو ہمیں ہو راہ

کہ جب تک اپنا وہاں جی ہو بے ہراس پھریں

اٹھا دے ہم سے جو بیٹھے ہوؤں کو اب کی فلک

تو آرزو ہے یہ جی میں کہ بے قیاس پھریں

نہ خط کسی کا پڑھے ہے حسنؔ نہ وہ عرضی

کہاں تلک لئے ہم اپنا التماس پھریں