Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا بتاؤں دل کہاں ہے اور کس جا درد ہے

ناطق لکھنوی

کیا بتاؤں دل کہاں ہے اور کس جا درد ہے

میں سراپا دل ہوں دل میرا سراپا درد ہے

یہ سمجھ لیں پہلے آپ اے حضرت عیسیٰ ذرا

کس کے دل میں درد ہے یہ اور کس کا درد ہے

جو چلا دنیا سے وہ رکھے ہوئے سینے پہ ہاتھ

میں سمجھتا ہوں کہ سب کے دل میں تیرا درد ہے

میرے چپ رہنے سے تو غافل ہے او ظاہر پرست

ظرف بھی اتنا ہی میں رکھتا ہوں جتنا درد ہے

ہر تڑپ پر قالب مردہ میں آ جاتی ہے روح

مجھ مریض ناتواں کی جان گویا درد ہے

بچ گئے تو انتہائے عشق میں لطف آئے گا

اور ابھی تو ابتدا میں انتہا کا درد ہے

اپنا اپنا حال کہہ لینے دو ناطقؔ سب کو تم

جانتا ہے وہ کہ کس کے دل میں کتنا درد ہے