Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا بچے دل جان لیوا اس کا ہر انداز ہے

نشتر چھپروی

کیا بچے دل جان لیوا اس کا ہر انداز ہے

غمزہ ہے عشوہ ہے شوخی ہے ادا ہے ناز ہے

محفل عشرت میں میرا دل نوا پرداز ہے

نالۂ حسرت مرا گویا صدائے ساز ہے

توبہ بھی کر لیں گے ہم جب وقت اس کا آئے گا

حضرت واعظ در توبہ ابھی تو باز ہے

ہوگی پھر بے اعتنائی ہے ابھی تو التفات

پھر وہی انجام ہوگا پھر وہی آغاز ہے

دیکھ تو اس بت کو زاہد اور کہہ ایمان سے

تیری حوروں میں یہ رعنائی ہے یہ انداز ہے

دل جگر چھد جاتے ہیں اور کچھ خبر ہوتی نہیں

وہ نگاہ ناز گویا تیر بے آواز ہے

میری ہستی اک معمہ ہے جسے سمجھا نہ میں

یا خدا یہ بھی تری قدرت کا کوئی راز ہے

در قفس کا کھول دے صیاد اطمینان سے

تیرے صید شوق کو کب خواہش پرواز ہے

سن کے میرا قصۂ غم ان کا کہنا ناز سے

واہ کیا طرز بیاں ہے واہ کیا انداز ہے

دل لگاتے ہی مجھے لالے پڑے ہیں جان کے

اس کا کیا انجام ہوگا جس کا یہ آغاز ہے

ہائے نشترؔ وہ مرا ہمدرد دل غم خوار دل

اب کہاں ہے ہم نشیں کوئی کہاں ہم راز ہے