Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا دن تھے جب چھپ چھپ کر تم پاس ہمارے آتے تھے

مرزا محمد تقی ہوس

کیا دن تھے جب چھپ چھپ کر تم پاس ہمارے آتے تھے

کانپتے تھے بدنامی کے ڈر سے آنسو پی پی جاتے تھے

ہائے جوانی کیا موسم تھا اب وہ دن یاد آتے ہیں

روٹھتے تھے ہم ہر دم ان پہ اور وہ آ کے مناتے تھے

ہائے غضب ہے مجھ وحشی کو اس موسم میں قید کیا

سن جب شور فصل بہاراں مرغ قفس گھبراتے تھے

ذکر کیا میں آپ کا کس سے کس کے آگے نام لیا

دشمن تھے وہ لوگ مرے جو آپ کے تئیں بہکاتے تھے

ہائے وہ پہلے چاہ کا عالم کس سے میں اظہار کروں

میں تو حجاب سے آپ خجل تھا وہ مجھ سے شرماتے تھے

اس سے ہوسؔ ملنا مشکل تھا پر وہ ہم سے دور نہ تھے

ان کی ہی تصویر سے ہر دم اپنا جی بہلاتے تھے