Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا سہل سمجھے ہو کہیں دھبا چھٹا نہ ہو

عبد الحلیم شرر

کیا سہل سمجھے ہو کہیں دھبا چھٹا نہ ہو

ظالم یہ میرا خون ہے رنگ حنا نہ ہو

یا رب مجھے ہے داغ تمنا بہت عزیز

پہلو سے دل جدا ہو مگر یہ جدا نہ ہو

راہیں نکالتا ہے یہی سوز و ساز کی

پہلو میں دل نہ ہو تو کوئی حوصلہ نہ ہو

تم اور وفا کرو یہ نہ مانوں گا میں کبھی

اس کو فریب دو جو تمہیں جانتا نہ ہو

کیا کیا شررؔ ذلیل ہوئے آبرو گئی

ایسا بھی عاشقی کا کسی کو مزا نہ ہو