Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا خبر تھی کوئی رسوائے جہاں ہو جائے گا

شیر سنگھ ناز دہلوی

کیا خبر تھی کوئی رسوائے جہاں ہو جائے گا

کچھ نہ کہنا بھی مرا حسن بیاں ہو جائے گا

اپنے دیوانے کا تم جوش جنوں بڑھنے تو دو

آستیں دامن گریباں دھجیاں ہو جائے گا

عاشق جانباز ہیں ہم منہ نہ موڑیں گے کبھی

تم کماں سے تیر چھوڑو امتحاں ہو جائے گا

ٹوٹی پھوٹی قبر بھی کر دو برابر شوق سے

یہ بھی اپنی بے نشانی کا نشاں ہو جائے گا

شادیانے بج رہے ہیں آج جس جا نازؔ کل

دم زدن میں دیکھ لینا کیا سماں ہو جائے گا