Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا دم نزع کوئی اور تمنا کرتے

سید ہمایوں میرزا حقیر

کیا دم نزع کوئی اور تمنا کرتے

جب تلک دم نہ نکلتا اسے دیکھا کرتے

درد دوری کا بجز مرگ نہیں کوئی علاج

ایسے بیمار کی ہم کوئی دوا کیا کرتے

ایسے بھولے کہ کبھی پھر کے نہ پوچھا تم نے

کچھ تو اے راحت جاں پاس وفا کا کرتے

جور سب ہم نے سہے جتنے کیے گردوں نے

دوریٔ یار کو کس طرح گوارہ کرتے

چشم مخمور سے بے خود جو نہ ہو جاتے ہم

دل کو آتش کدہ اور چشم کو دریا کرتے

کر کے بسمل جو ہمیں چھوڑ دیا قاتل نے

ہم تڑپتے کہ اسے دیکھتے کیا کیا کرتے

وہ عیادت کو حقیرؔ آپ کی آتے جو کبھی

کرتے احسان اگر آپ کو اچھا کرتے