Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا کہئے داستان تمنا بدل گئی

دل شاہ جہانپوری

کیا کہئے داستان تمنا بدل گئی

ان کی بدلتے ہی دنیا بدل گئی

یہ دور انقلاب ہے خود نوشیوں کا دور

ہر میکدے میں گردش مینا بدل گئی

ہر پھول ہر کلی پہ برستا ہے اب لہو

رنگینیٔ بہار چمن کیا بدل گئی

نکھری ہوئی بہار میں چھالے ہیں خونچکاں

اپنے قدم سے قسمت صحرا بدل گئی

پیہم ٹپک پڑے جو بہ حسرت حضور دوست

ان آنسوؤں سے شرح تمنا بدل گئی

آزادیٔ جنوں کا یہی کیا مآل تھا

زنداں سے دلفریبیٔ صحرا بدل گئی

وہ خواب زندگی تھا جو ہم دیکھتے رہے

اے دلؔ کھلی جب آنکھ تو دنیا بدل گئی