Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا کرے گا جا کے بیت اللہ تو

راسخ عظیم آبادی

کیا کرے گا جا کے بیت اللہ تو

دل ہی سے کر اپنی پیدا راہ تو

ڈوب جا بحر عمیق عشق میں

یوں نہ ہرگز لے سکے گا تھاہ تو

گھر سے نکلے گا وہ اپنی رات کو

مت نکلیے دیکھیو اے ماہ تو

کعبہ ڈھ جاوے تو بن سکتا ہے پھر

دیکھیے دل ہے اسے مت ڈھاہ تو

حال دل تھوڑا سا سن کر بول اٹھا

بس اب اس قصہ کو کر کوتاہ تو

یار کے دل تک اثر کے ساتھ جا

آسماں تک جا نہ جا اے ماہ تو

واجب‌ التعذیر ہے راسخؔ پہ حیف

قدر سے اس کی نہیں آگاہ تو