Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا مزا ہو جو کسی سے تجھے الفت ہو جائے

مرزا محمد تقی ہوس

کیا مزا ہو جو کسی سے تجھے الفت ہو جائے

جی کڑھے فکر رہے میری سی حالت ہو جائے

تیرا بیمار دم نزع یہ مانگے تھا دعا

دیکھ لوں پھر اسے گر تھوڑی سی مہلت ہو جائے

جائیو مت تو صبا باغ سے زنداں کی طرف

مجھ کو ڈر ہے نہ اسیروں پہ قیامت ہو جائے

اے دل اک دن تو گزر کر طرف اہل قبور

تاکہ دیکھے سے انہوں کے تجھے عبرت ہو جائے

دیکھ تصویر کو مجنوں کی ہوسؔ رشک نہ کر

چاہئے عشق میں تیری بھی یہ صورت ہو جائے