Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا ڈھونڈنے آئے ہو نظر میں

یوسف ظفر

کیا ڈھونڈنے آئے ہو نظر میں

دیکھا ہے تمہیں کو عمر بھر میں

معیار جمال و رنگ و بو تھے

وہ جب تک رہے میری چشم تر میں

اب خواب و خیال بن گئے ہو

اب دل میں رہو، رہو نظر میں

وہ رنگ تمہارے کام آیا

اڑتا ہے جو غم کی دوپہر میں

ہائے یہ طویل و سرد راتیں

اور ایک حیات مختصر میں

اب صورت حال بن گیا ہوں

ملتا ہوں نگاہ چارہ گر میں

یا اور ستارے اور شبنم

یا مر رہیں دامن سحر میں

یا منزل مہر و ماہ بھی ہے

یا راہ فرار ہے سفر میں

وہ بھی تو ظفرؔ سے خوش نہیں ہیں

رہتے ہیں جو دیدۂ ظفرؔ میں