Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا لیے جاتے ہو چپکے سے چھپا کر ہاتھ میں

منشی بنواری لال شعلہ

کیا لیے جاتے ہو چپکے سے چھپا کر ہاتھ میں

دل نہیں ہے گر تو کیا ہے بندہ پرور ہاتھ میں

تل ہتھیلی کا ہے دانہ اور لکیریں دام ہیں

طائر رنگ حنا آتا ہے اڑ کر ہاتھ میں

جذبۂ دل نے جو گھبرایا پہن کر چل دئے

ہاتھ کا پاؤں میں اور پاؤں کا زیور ہاتھ میں

لے اڑا کیا اضطراب جستجوئے نامہ بر

میں جو اچھلا آ گئے جبریل کے پر ہاتھ میں

ہوں وہ دیوانہ ترا صحرا میں جس کی دھوم تھی

دیکھ کر مجنوں اٹھا لیتا تھا پتھر ہاتھ میں

کل کسی کا خون ہوگا شہر میں مشہور ہے

شعلہؔ مہندی لگ رہی ہے آج گھر گھر ہاتھ میں