Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیا ہیں شیدائے قد یار درخت

گویا فقیر محمد

کیا ہیں شیدائے قد یار درخت

ہیں جو شبنم سے اشک بار درخت

دیکھیں گر سرو قد یار درخت

خاک پر لوٹیں سایہ دار درخت

اشک بار ان پہ ہیں جو مرغ چمن

پہنے ہیں موتیوں کا ہار درخت

سرکشی کی ہے کیا ترے قد سے

کاٹے جاتے ہیں بے شمار درخت

کیا ترے قد سے دوں مثال اسے

کہ ہے انگشت زینہار درخت

ترے جلوے سے نخل طور بنے

ہیں جو بالائے کوہسار درخت

بید مجنوں کو دیکھ او لیلیٰ

ہے یہ مجنوں کا یادگار درخت

دیکھ کر تجھ کو بھول جائیں گے

گل کھلائیں گے بے بہار درخت

زندگی میں نہ میں نے پھل پایا

ہو نہ میرے سر مزار درخت

فائدہ بھی یہاں تو نقصاں ہے

سنگ کھاتے ہیں بار دار درخت

داغ تن کھل رہے ہیں صورت گل

ہم ہیں گویا شگوفہ دار درخت