Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیفیت کیا تھی یہاں عالم غم سے پہلے

اختر انصاری اکبرآبادی

کیفیت کیا تھی یہاں عالم غم سے پہلے

کون آیا تھا تری بزم میں ہم سے پہلے

سب کرم ہے ترے انداز ستم سے اے دوست

ذوق غم دل کو نہ تھا تیرے ستم سے پہلے

بندگی تیری خدائی سے بہت ہے آگے

نقش سجدہ ہے ترے نقش قدم سے پہلے

قلب انساں کو ہے اب پھر اسی عالم کی تلاش

تیری محفل تھی جہاں دیر و حرم سے پہلے

ہم سے منصور زمانے میں کہاں ہیں اخترؔ

دار تک آ نہیں سکتا کوئی ہم سے پہلے