Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیوں کہتے ہو کیا میری جفا کو نہیں دیکھا

منشی نوبت رائے نظر لکھنوی

کیوں کہتے ہو کیا میری جفا کو نہیں دیکھا

آتے ہوئے کہہ کہہ کے قضا کو نہیں دیکھا

آئینۂ کونین ہیں دونوں مری آنکھیں

تم کو نہیں دیکھا کہ خدا کو نہیں دیکھا

دیکھے تو کوئی تیز روی عمر رواں کی

پھر کر کبھی نقش کف پا کو نہیں دیکھا

ہر خار سے یوں پوچھتی ہے دشت میں لیلیٰ

تم نے تو کسی آبلہ پا کو نہیں دیکھا

کس غش پہ تمہیں ناز ہے اے حضرت موسیٰ

ان کی نگۂ ہوشربا کو نہیں دیکھا

آئینۂ وحدت ہے دل صاف ہمارا

کس بت میں نظر شان خدا کو نہیں دیکھا