Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کیوں کرتے ہو دنیا کی ہر اک بات سے توبہ

Dagh Dehlvi (1831–1905)

کیوں کرتے ہو دنیا کی ہر اک بات سے توبہ

منظور تو ہے میری ملاقات سے توبہ

زاہد نے چھپایا ہے اسے گوشۂ دل میں

بھاگی تھی کسی رند خرابات سے توبہ

یہ فصل اگر ہوگی تو ہر روز پئیں گے

ہم مے سے کریں توبہ کہ برسات سے توبہ

دنیا کی کوئی بات ہی اچھی نہیں زاہد

اس بات سے توبہ کبھی اس بات سے توبہ

مسجد نہیں دربار ہے یہ پیر مغاں کا

دروازے کے باہر رہے اوقات سے توبہ

یہ داغؔ قدح خوار کے کیا جی میں ہے آئی

سنتے ہیں کئے بیٹھے ہیں وو رات سے توبہ