Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

گری گر کر اٹھی پلٹی تو جو کچھ تھا اٹھا لائی

آغا شاعر قزلباش

گری گر کر اٹھی پلٹی تو جو کچھ تھا اٹھا لائی

نظر کیا کیمیا تھی رنگ چہروں سے اڑا لائی

خدا کے واسطے سفاکیاں یہ کس سے سیکھی ہیں

نظر سے پیار مانگا تھا وہ اک خنجر اٹھا لائی

نہ حسرت ہی نکلتی ہے نہ دل کو آگ لگتی ہے

مری ہستی مرے دامن میں کیا کانٹا لگا لائی

وہ سب بدمستیاں تھیں زر کی اب زر ہے نہ پیتے ہیں

ہماری مفلسی خود راہ پر ہم کو لگا لائی

مٹانے کو ہمارے یہ زمین و آسماں دونوں

ہمیشہ مل کے چلتے ہیں بہ ایں پستی و بالائی

جو کچھ دیکھا نہ دیکھا جو سنی وہ ان سنی شاعرؔ

نہ آئے ہم یہاں یہ زندگی مفت خدا لائی