Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

گلہ اے دل ابھی سے کرتا ہے

محمد علی جوہر

گلہ اے دل ابھی سے کرتا ہے

عشق کا دم اسی پہ بھرتا ہے

جان دیتا ہے عیش فانی پر

بس اسی زندگی پہ مرتا ہے

راحت جاوداں کو بھول گیا

کوئی دنیا میں یہ بھی کرتا ہے

عشق بن کر جئے تو خاک جیے

زندہ وہ ہے جو ان پہ مرتا ہے

نام پر اس کے سب جو دے بیٹھا

وہی اک ہے جو نام کرتا ہے

وقف مومن ہے آزمائش عشق

اس میں پورا وہی اترتا ہے

جس کو دنیا نے نامراد کیا

وہی ناکام کام کرتا ہے

ہے مسلماں کی بس یہی پہچان

کہ فقط اک خدا سے ڈرتا ہے

قول مومن ہے اس کے فعل کی شرح

وہ جو کہتا ہے کر گزرتا ہے

مطمئن رہ دلا وہ جان جہاں

وعدہ کر کے کہیں مکرتا ہے

میرے رنگ کفن کی شوخی دیکھ

یوں ہی عاشق ترا سنورتا ہے

آج کر لو جو کر سکو کل تک

کون جیتا ہے کون مرتا ہے

قلزم عشق میں گرا سو گرا

اس کا ڈوبا کہیں ابھرتا ہے

اس قدر احتیاط اے صیاد

کہ قفس میں بھی پر کترتا ہے

وہی دن ہے ہماری عید کا دن

جو تری یاد میں گزرتا ہے

مئے اسلام کا بھلا جوہرؔ

نشہ چڑھ کر کہیں اترتا ہے